جامعۃ المدینہ گلوبل ویب سائٹ میں خوش آمدید ملحق شدہ کنزالمدارس بورڈ انٹرنیشنل

عظیم شعبے جامعۃُ المدینہ سے میرا براہِ راست رابطہ 2007ء میں اس وقت ہوا جب دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ نے مجھے جامعۃُ المدینہ کی پاکستان سطح کی ذمّہ داری دی۔ اس وقت میرے نگران رکنِ شوریٰ حاجی شاہد مدنی تھے۔ اس سے پہلے میرے پاس بیرونِ ملک سے متعلق ذمہ داریاں تھیں، جامعۃُ المدینہ کی ذمّہ داری میرے لئے ایک بالکل نیا تجربہ تھا اور میں نے چونکہ اہلِ سنّت کے ایک عظیم ادارے دارُالعلوم امجدیہ سے درسِ نظامی مکمل کیا ہے اس لئے مجھے پڑھنے پڑھانے اور دارُالعلوم کے ماحول کا کچھ تجربہ تو تھا لیکن جب جامعاتُ المدینہ کے دورے اور مدنی مشورے شروع کئے تو نئے نئے تجربات اور مشاہدات سامنے آئے۔

 مَاشَآءَ اللہ جامعۃ المدینہ میں ایسا پیارا ماحول نظر آیا جہاں پڑھائی کے علاوہ تربیت اور دین کی خدمت کا جذبہ بھی ہے۔ بڑے بڑے اساتذہ، مفتیانِ کرام اور مجلس کے اراکین نے جس طرح مجھ جیسے نئے آنے والے ذمّہ دار کو عزت دی، خوش آمدید کہا وہ نہایت خوشگوار احساس تھا اور یقیناً یہ امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کی تربیت کا فیضان تھا۔ غالباً ان دنوں پاکستان بھر میں 50 کے لگ بھگ جامعاتُ المدینہ موجود تھے جبکہ اَلحمدُلِلّٰہ امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کے لگائے

ہوئے اس گلشن میں تاحال 1500 کے قریب جامعاتُ المدینہ ہوچکے ہیں۔ اتنے کم وقت میں اس قدر جامعاتُ المدینہ کا آغاز اور ان میں 131000ہزار کے لگ بھگ طلبہ و طالبات کا پڑھنا، ہزاروں کا فارغُ التحصیل ہونا اور اب تو کنزُالمدارس بورڈ کا آغاز!! یقیناً یہ اللہ و رسول کا کرم اور امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کے اخلاص کا پھل ہے۔

اس وقت دنیا بھر میں جس طرح ہمارے فارغُ التحصیل مدنی اسلامی بھائی دیگر ذمّہ داران کے شانہ بشانہ دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں کی دھومیں مچارہے ہیں اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اِنْ شَآءَ اللہ جامعۃُ المدینہ کا مستقبل نہایت روشن و تابناک ہے۔ دعوتِ اسلامی جس قدر ترقی کرتی جارہی ہے، جامعۃُ المدینہ سے فارغُ التحصیل اسلامی بھائیوں کے لئےدینی خدمات کے مواقع اسی قدر بڑھتے جارہے ہیں۔دنیا میں شاید ہی کوئی اور ایسا دارُالعلوم ہو جس کے فارغُ التحصیل افراد کیلئے اس قدر کثیر شعبہ جات میں خدمات کے مواقع موجود ہوں۔ میں تمام قارئین سے گزارش کرتا ہوں کہ خود بھی جامعۃُ المدینہ میں داخلہ لیں اور اپنے بچّوں کو بھی داخل کروائیں تاکہ ہمیں دینی طلبہ کے فضائل بھی حاصل ہوں اور خدمتِ دین کے کثیر مواقع بھی میسر آسکیں۔

اللہ پاک ہمارے جامعۃُ المدینہ کو مزید ترقی عطا فرمائے اور ہر طالبِ علم کو عالمِ باعمل بننا نصیب فرمائے۔

 

اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

 

رکن شوری حاجی عبدالحبیب عطاری